کراچی (لارڈ میڈیا) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر ایک اہم اجلاس ہوا جس میں کراچی پورٹ سے نکلنے والی گاڑیوں پر ایکسل لوڈ کی حد کا نفاذ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں آئی جی موٹرویز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موٹرویز پر ایکسل لوڈ مینجمنٹ میں بہتری آئی ہے جبکہ ہائی ویز پر مزید بہتری کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس اور این ایچ اے کو ویھ اسٹیشنز پر سخت نگرانی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ عبدالعلیم خان نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ کے لیے شفاف نظام احتساب قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں تاکہ ٹرک مالکان خلاف ورزی سے باز رہیں۔
اجلاس میں سیکرٹری مواصلات، ڈی جی ایف ڈبلیو او، ڈی جی این ایل سی، چیئرمین این ایچ اے اور آئی جی موٹروے پولیس سمیت دیگر صوبائی فریقین نے شرکت کی۔ تمام اہم اسٹیک ہولڈرز نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔ عبدالعلیم خان نے ایکسل لوڈ قوانین میں خامیوں کو دور کرنے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے اوور لوڈنگ سے شاہراہوں کو ہونے والے نقصانات کے حوالے سے بریفنگ بھی لی۔ انہوں نے سیکرٹری مواصلات کی صدارت میں ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے کی ہدایت کی تاکہ ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی سے متعلق مسائل حل کیے جا سکیں۔


