اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اکنامک سمٹ 2026 میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نئے سیاسی یونٹ نہیں بنیں گے اور نئی قیادت نہیں آئے گی، کام نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملازمت کے مواقع اور میرٹ چاہتے ہیں، لیکن اگر کاکروچ اکھٹے ہو گئے تو سب کچھ الٹ سکتا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے بہت عزت دی ہے اور اس سیاسی نظام کو چلانے والے انتخابات سے پہلے مجبوری میں فنڈنگ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی قیادت نے فیصلہ کر لیا تو یہ نظام ٹھیک ہو سکتا ہے، مگر اس کے لیے نظام کو ری سیٹ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جو گھر مقروض ہو وہ چل نہیں سکتا، اور ہم نیگٹو میں اپنا بجٹ بناتے ہیں۔ مزید قرض لینے کے باوجود مسائل حل نہیں ہوتے اور ہر سال ملک کا قرض بڑھتا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بزنس مین کو سیاست میں لیڈنگ رول دینا پڑے گا اور کاروباری لوگوں کو سیاست میں آنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ آبادی ٹائم بم ہے اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی عوام کی ضرورت ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر صوبہ زیادہ وسائل کے حصول کی کوشش کر رہا ہے اور سیاستدانوں کو آپس میں بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا چاہئے۔ سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات بھلا کر نظام کو درست کرنا ہوگا۔


