اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل بارہا کہہ چکے ہیں کہ جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے اور حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ملک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نظام کی بہتری کے لیے ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو بھی اکٹھا ہونا چاہیے۔ آزاد کشمیر کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ یہ کشمیر حکومت دیکھ رہی ہے اور ان کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ وفاقی وزیر داخلہ ہی رہیں گے اور وزیر خارجہ نہیں بننے جا رہے۔ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے فیصلے عدالتیں کریں گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم آفس میں فائلیں وقت پر آگے نہیں بڑھ پاتیں اور کئی مقامات پر رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے اختیارات نچلی سطح پر دینے کی ضرورت ہے، تاہم وہ صدارتی نظام کی بات نہیں کر رہے۔


