بغداد (لارڈ میڈیا): عراق نے سعودی عرب پر حملے میں اپنی سرزمین کے استعمال کا ثبوت طلب کر لیا ہے۔ عراقی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ابھی تک کسی فریق نے کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا اور عراق خود مختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
عراقی قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہو چکا ہے جس میں امریکی اور سعودی حملوں کی مذمت کی گئی اور علاقائی کشیدگی میں کمی پر زور دیا گیا۔
عراقی وزیراعظم کے دفتر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عراق کو علاقائی تنازعات سے دور رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور ملکی خودمختاری و استحکام کے تحفظ کے لیے سفارتی اور قانونی ذرائع اختیار کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ امریکی اور سعودی افواج نے عراق میں مبینہ ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے مراکز پر حملے کیے، جواباً سعودی تیل تنصیبات پر ڈرون حملے کیے گئے۔ عراقی ملیشیا کے مطابق ان حملوں میں 20 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوئے، زیادہ متاثرہ صوبہ نینوا رہا جہاں 10 افراد ہلاک ہوئے۔


