کراچی (لارڈ میڈیا) وزیراعظم کے کراچی اور حیدرآباد کے لیے 20 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔ پاکستان انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے تحت کراچی میں 504 اور حیدرآباد کی 17 ترقیاتی اسکیموں کے ٹینڈر کھل چکے ہیں۔ حکومت پاکستان یہ فنڈ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت فراہم کررہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے مطالبے پر سال 2023-24 میں اس پیکج کا اعلان کیا تھا۔ ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی کی تجویز کردہ اسکیموں کے لیے حکومت نے رقوم پہلے ہی پی آئی ڈی سی ایل کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی تھیں۔ اب اسکیموں کی منظوری اور دیگر مراحل کے بعد 28، 29 اور 30 جولائی کو ٹینڈرز کھل گئے ہیں۔
تمام منصوبوں پر جلد ہی عملی کام شروع ہو جائے گا۔ ان اسکیموں میں سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر، پیور بلاکس کی تنصیب، اسٹریٹ لائٹس، پانی اور سیوریج لائنوں کا بچھانا شامل ہیں۔ بلدیہ ٹاؤن میں انڈر گراؤنڈ ٹینکس کی تعمیر اور بعض سرکاری اسپتالوں میں میڈیکل مشینری کی فراہمی بھی شامل ہے۔


