لاہور (لارڈ میڈیا): اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان کے گھر پر پولیس چھاپے کے معاملے پر ایس پی کینٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس واقعے پر سی سی پی او نے دو افسران کو انکوائری افسر مقرر کیا ہے، جنہوں نے واقعے کی جگہ کا جائزہ لیا۔
پولیس کے مطابق دونوں افسران انکوائری مکمل کر کے سی سی پی او کو رپورٹ بھجوائیں گے۔ پولیس نے بیان دیا کہ اٹارنی جنرل کے ساتھ والے گھر میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع تھی لیکن غلطی سے وہ اٹارنی جنرل کے گھر میں داخل ہو گئے۔
اس سے قبل اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان کے گھر غلط فہمی کی بنیاد پر پولیس کی نفری لانے پر ایس ایچ او سمیت 11 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اٹارنی جنرل کے ڈرائیور عرفان نے بتایا کہ جب پولیس آئی تو صرف ملازم گھر پر تھے، پولیس اہلکاروں نے گھر کے باہر رکھے گملے بھی توڑ دیے، پولیس پارٹی جاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کا سسٹم بھی ساتھ لے گئی تھی۔ اطلاع ملنے پر اٹارنی جنرل میٹنگ سے فارغ ہو کر واپس گھر پہنچے تو پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج ڈیلیٹ کر کے ڈی وی آر واپس کر گئی۔


