سیول (لارڈ میڈیا) بی ٹی ایس، جنوبی کوریا کا معروف میوزک بینڈ، نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ گریمی ایوارڈز میں اپنی کوئی بھی موسیقی شامل نہیں کریں گے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب گریمی انتظامیہ نے 2027 کی تقریب میں پہلی بار ایشیائی پاپ موسیقی کے لئے الگ کیٹیگری شامل کرنے کا اعلان کیا۔
بی ٹی ایس کے ساتوں اراکین نے سوشل میڈیا پر ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وہ اپنی موسیقی کو کسی مخصوص علاقے یا زبان کی بنیاد پر تقسیم نہیں کرنا چاہتے۔ بینڈ نے موسیقی کی اصل روح کے مطابق اسے پسند کرنے کی اپیل کی ہے۔
بی ٹی ایس نے 2017 سے 2021 تک مسلسل پانچ بار بل بورڈ میوزک ایوارڈز میں ‘ٹاپ سوشل آرٹسٹ’ کا اعزاز جیتا ہے۔ 2021 اور 2026 میں انہیں امریکن میوزک ایوارڈز میں ‘آرٹسٹ آف دی ایئر’ کا خطاب ملا۔
بی ٹی ایس کے تازہ البم ‘اری رنگ’ نے مارچ میں ریلیز کے بعد دنیا بھر میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں اور کئی ممالک میں چارٹ کی ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔
مداحوں کی بڑی تعداد بی ٹی ایس کے اس فیصلے کی حمایت کر رہی ہے جبکہ کچھ کا خیال ہے کہ گریمی ایوارڈز میں جغرافیائی بنیادوں پر نیا ایوارڈ ایشیائی فنکاروں کو مرکزی ایوارڈز سے دور رکھنے کی کوشش ہے۔
دوسری جانب گریمی ایوارڈز کے قواعد کے مطابق کسی بھی گانے کو ایک ہی سال میں صرف ایک پرفارمنس کیٹیگری میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ بی ٹی ایس کا کوئی گانا ‘بہترین ایشیائی پاپ میوزک پرفارمنس’ میں شامل ہو سکتا ہے، لیکن ‘بہترین پاپ جوڑی یا گروپ پرفارمنس’ میں نہیں۔


