اسلام آباد (لارڈ میڈیا): عازمین حج 2027 کے لیے پاسپورٹ تجدید کے عمل میں سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ وزارت مذہبی امور کی درخواست پر پاسپورٹ آفس نے احکامات جاری کیے ہیں کہ عازمین مقررہ مدت سے پہلے بھی پاسپورٹ تجدید کروا سکتے ہیں۔ حج کے لیے 16 نومبر 2027 تک مؤثر پاکستانی پاسپورٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے پاسپورٹ دفاتر کو قبل از وقت تجدید کی درخواستیں وصول کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ملک بھر اور بیرون ملک پاسپورٹ دفاتر کو تجدید درخواستیں نمٹانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ یہ تجدید پاسپورٹ رولز 3(سی) کے تحت ہوگی۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حج پالیسی اور پلان 2030-2027 کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں حج انتظامات، صحت، ریلوے اور دیگر اہم قومی امور پر فیصلے کیے گئے ہیں۔
نئی حج پالیسی کے تحت حج کے خواہشمند افراد کو ہر سال نئی رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ 2030 تک کسی بھی سال حج کی ادائیگی کے لیے ایک مرتبہ رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کی بنیاد پر ترجیحی ویٹنگ لسٹ تیار کی جائے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ معاونین حج کی تقرری مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائے اور سرکاری و نجی حج انتظامات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی یقینی بنائی جائے۔


