اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین اور ان کے زیر کفالت اہل خانہ کی غیر ملکی شہریت اور سفری دستاویزات کو خفیہ رکھنے کا راستہ بند کرتے ہوئے حلفیہ ڈیکلریشن لازمی قرار دے دیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے غیر ملکی شہریت، سفری دستاویزات سے متعلق لازمی ڈیکلیریشن فارم جاری کر دیے ہیں۔ یہ فارم سول سرونٹس کی غیر ملکی شہریت سے متعلق رولز 2026 کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔
سرکاری ملازمین کو تین مواقع پر ڈیکلیریشن جمع کرانا لازم ہوگا۔ ملازمت میں شمولیت کے وقت غیر ملکی شہریت کی تفصیلات دینا ہوگی، بیوروکریٹس کو ہر سال غیر ملکی شہریت سے متعلق ڈیکلیریشن جمع کرانی ہوگی، اور غیر ملکی پاسپورٹ، رہائشی اجازت نامہ اور مستقل رہائش کارڈ کی معلومات بھی دینا ہوں گی۔
زیر کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت کی تفصیلات فراہم کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کسی غیر ملکی شہری سے شادی پر تفصیلات اور پیشگی سرکاری اجازت بھی ظاہر کرنا ہوگی۔ کسی بھی تبدیلی کی صورت میں 90 دن کے اندر حکومت کو آگاہ کرنا لازم ہوگا۔ تقرری کے وقت معلومات چھپانے پر ملازمت کالعدم قرار دی جا سکتی ہے، جبکہ غلط ڈیکلیریشن دینے پر قانونی و محکمانہ کارروائی ہوگی۔


