ہومتازہ ترینچین نے برطانیہ میں برٹش سٹیل کو قومی تحویل میں لینے کی...

چین نے برطانیہ میں برٹش سٹیل کو قومی تحویل میں لینے کی سخت مخالفت کر دی

بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین نے برطانوی حکومت کی جانب سے چینی کمپنی جنگ یے گروپ کی ذیلی کمپنی برٹش سٹیل کو قومی تحویل میں لینے کے فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزارت تجارت کے عہدیدار نے ذرائع ابلاغ کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جنگ یے گروپ کی جانب سے خریدے جانے سے قبل برٹش سٹیل کئی برسوں سے خسارے میں چل رہی تھی۔ کمپنی کے حصول کے بعد جنگ یے گروپ نے اس میں بھاری سرمایہ کاری کی جس سے نہ صرف اس کا آپریشن جاری رہا بلکہ ملازمتیں بھی محفوظ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت نے جِنگ یے گروپ کی معیشت اور معاشرے کے لئے نمایاں خدمات کو نظر انداز کرتے ہوئے قومی سلامتی کا جواز بنا کر جبری طور پر کمپنی کا کنٹرول سنبھالا اور اسے قومی تحویل میں لے لیا۔ اس اقدام سے جنگ یے گروپ کے جائز حقوق و مفادات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور برطانیہ میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیوں کے اعتماد کو بھی سخت دھچکا لگا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ چین برطانیہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ متعلقہ بین الاقوامی قواعد کی پاسداری کرے، چین اور برطانیہ کے درمیان سرمایہ کاری کے تحفظ کے معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور برطانیہ میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیوں کے ساتھ منصفانہ اور مساوی سلوک کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین اس معاملے پر گہری نظر رکھے گا، چینی کمپنیوں کو قانونی ذرائع سے اپنے حقوق کے تحفظ میں مکمل تعاون فراہم کرے گا اور چینی کمپنیوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے موثر اور مضبوط اقدامات کرے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں