کراچی (لارڈ میڈیا): کراچی کے علاقے لی مارکیٹ کی پنجابی گلی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں 6 سالہ بچہ اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔ ملزم نے بچے کی لاش کو تین منزلہ عمارت سے نیچے پھینک دیا۔
پولیس کے مطابق محمد ولی نامی بچہ دو روز قبل اپنے گھر کے باہر سے اغوا ہوا تھا، جس کی بوری بند لاش ایک خالی پلاٹ میں ملی۔ پولیس نے ملزم حمزہ کو گرفتار کر لیا ہے اور قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
بچے کی والدہ نے غم سے نڈھال ہو کر کہا کہ ان کے بچے کو بے رحمی سے قتل کیا گیا اور ملزم کو سخت سزا دی جانی چاہیے۔ والد نے کہا کہ ان کے خاندان کی کوئی دشمنی نہیں تھی اور ان کا بیٹا سب کا لاڈلہ تھا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ ملزم مقتول کا پڑوسی ہے اور ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ بچے کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔ ملزم کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اہل خانہ اور محلے کے افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔


