انقرہ (لارڈ میڈیا): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے استنبول میں ترکیہ کے کاروباری گروپوں اور صنعتی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کیں، جن میں اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور معیشت کے کلیدی شعبوں میں ترکی کی مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقاتوں میں چالک ہولڈنگ کے چیئرمین احمد چالک، البیرک گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد البیرک اور یونین آف دی چیمبر اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ کے صدر رفعت حصارسیکیعلو شامل تھے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے ان تعلقات کو مضبوط اقتصادی و سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے بہتر ہوتے میکرو اکنامک بنیادی عوامل، سرمایہ کار دوست پالیسی فریم ورک اور شفاف، کاروبار دوست سرمایہ کاری کے ماحول کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کے ترجیحی شعبوں بشمول توانائی، کان کنی و معدنیات، انفراسٹرکچر، بحری امور و لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، مینوفیکچرنگ، زراعت اور نجکاری میں سرمایہ کاری کا دائرہ کار بڑھانے کی دعوت دی۔ انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے ون ونڈو سہولت کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقاتوں کے دوران ترک کاروباری رہنماؤں نے حکومت پاکستان کی اقتصادی اصلاحات اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے معاشی نقطہء نظر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے متعدد سٹریٹجک شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے اور طویل مدتی شراکت داری کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اعادہ کیا۔


