تہران (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر ایرانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای عظیم عالم اور رہنما تھے۔ دنیا بھر کے مسلمان انہیں عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید آیت اللہ علی خامنہ ای نے ثابت قدمی، جرات، صبر اور دوراندیشی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے انتہائی خلوص اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ایران کی خدمت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایران ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان انہیں ایک عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھیں گے۔ ہم ایران ان کی شہادت پر اپنی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں، ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم ہر حال میں شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ میں پاکستانی عوام کی جانب سے ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کی۔ ان کے وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی حکام شامل تھے۔


