لاہور (لارڈ میڈیا): پرو ہاکی لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے قوم سے معافی مانگی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ نتائج حوصلہ افزا نہیں رہے اور پوری قوم سے معذرت خواہ ہوں۔
عماد بٹ نے کہا کہ شکست کا بوجھ سینے پر لے کر سونا آسان نہیں ہوتا اور ہم نے اپنی پوری استطاعت سے بہترین کارکردگی دینے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپیئن بنائے جاتے ہیں، پیدا نہیں ہوتے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ دنیا کی بہترین ٹیموں سے مقابلہ کرنے کے لیے اپنی صلاحیت بڑھانا ہوگی۔ فیڈریشن اور حکومت کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ اب ردِعمل کا نہیں، عمل کا وقت ہے۔
عماد بٹ نے تنقید کے باوجود بولنے اور کھلاڑیوں کی مدد کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں کو طویل المدتی تربیت ملتی ہے، جبکہ ہمیں اکثر ٹورنامنٹ سے پہلے ٹریننگ کیمپ کا انتظار ہوتا ہے۔
کپتان نے کہا کہ وہ شکایت نہیں کر رہے بلکہ ہاکی کی بہتری اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے مطالبہ کر رہے ہیں۔


