کراچی (لارڈ میڈیا): اداکارہ حنا طارق نے کہا ہے کہ وہ اپنے کام میں ہمیشہ والدین کی پسند کو ترجیح دیتی ہیں اور شوٹنگ کے دوران بھی ایسے مناظر کو اہمیت دیتی ہیں جو ان کے والدین آرام سے دیکھ سکیں۔ حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شامل ہونے کے دوران، حنا طارق نے شوبز میں اپنے کرداروں اور لباس کے انتخاب پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایک اداکار کی زندگی صرف شوبز تک محدود نہیں ہوتی بلکہ اس کی ذاتی زندگی بھی ہوتی ہے، اور ہر اداکار کو ایک دن شادی کرنی ہوتی ہے۔ حنا طارق نے مزید کہا کہ وہ اپنے لباس کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کرتی ہیں اور شوٹنگ کے دوران بھی ایسے مناظر کو ترجیح دیتی ہیں جو ان کے والدین کو قابل قبول ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں عمومی طور پر زیادہ بولڈ مناظر نہیں دکھائے جاتے، لیکن وہ اس معاملے میں محتاط رہتی ہیں اور اگر کسی کردار کے حوالے سے کوئی بات سمجھ میں نہ آئے تو وہ ڈائریکٹر کو انکار کر دیتی ہیں۔


