بیجنگ (لارڈ میڈیا): چین نے سمندر کے اوپر ایئرپورٹ تعمیر کرنے کا منصوبہ بنا کر دنیا کو حیران کردیا ہے۔ ڈالیان جنزہووان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو جنژوو بے پر ایک مصنوعی جزیرے پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جو چین کا پہلا سمندری ایئرپورٹ ہوگا۔
یہ ایئرپورٹ 7.7 اسکوائر میل رقبے پر مشتمل ہے اور اس کی تعمیر کا پہلا مرحلہ 37 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ اس ایئرپورٹ پر دو رن ویز اور ایک ٹرمینل کی تعمیر جاری ہے، جہاں سالانہ 4 کروڑ 30 لاکھ مسافر سفر کرسکیں گے۔
طویل مدتی منصوبے میں اس ایئرپورٹ پر چار رن ویز اور ایک وسیع ٹرمینل ہوگا، جہاں سالانہ 8 کروڑ مسافر سفر کرسکیں گے۔ اس منصوبے کی لاگت تقریباً ساڑھے 7 ارب ڈالرز ہے۔
مصنوعی جزیرے کی تعمیر کے لیے 5 کروڑ 60 لاکھ کیوبک گز میٹریل درکار ہے اور ستون 82 فٹ زیرآب نصب کیے جائیں گے۔ 2035 میں یہاں ہوائی ٹریفک کا آغاز متوقع ہے، جبکہ ایئرپورٹ پر 850 درخت لگائے جائیں گے تاکہ اسے سرسبز بنایا جا سکے۔


