لاہور (لارڈ میڈیا): علیمہ خان نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں وفاقی و صوبائی وزرا اور صحافیوں کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی استدعا کی ہے۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 26 نومبر احتجاج کے مقدمے کی سماعت جاری ہے، جس میں علیمہ خانم سمیت 11 ملزمان شامل ہیں۔ سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کر رہے ہیں، جبکہ پراسیکیوشن ٹیم کی قیادت سینئر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کر رہے ہیں۔
علیمہ خانم کے وکیل محمد فیصل ملک نے وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں سینئر صحافی انصار عباسی، اینکر شاہزیب خانزادہ اور مختلف اخبارات و چینلز کے نیوز ایڈیٹرز کو بھی گواہ کے طور پر طلب کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
عدالت نے ملزمہ کی درخواست پر پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل جواب طلب کر لیا ہے۔ علیمہ خانم کو دفعہ 342 کے تحت سوالنامہ بھی فراہم کر دیا گیا ہے، جو 37 سوالات پر مشتمل ہے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔


