اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر سکیم کے تحت قرضوں کی منظوری کے عمل کو تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکیم میں شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت خوش آئند ہے اور اس سے زیادہ سے زیادہ افراد اپنا گھر حاصل کر سکیں گے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اپنا گھر سکیم کے جائزہ اجلاس میں انہوں نے وزارت ہاؤسنگ کو ہدایت کی کہ سٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر درخواست فارم کو آسان بنایا جائے اور بینکوں کو درخواستوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سکیم کی کامیابی سے تعمیرات کے شعبے میں تیزی آئے گی اور معاشی ترقی کی رفتار بڑھے گی۔ انہوں نے آگاہی مہم تیز کرنے اور سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک 11 ارب روپے کے قرضے دیئے جا چکے ہیں اور 67 ہزار 900 درخواستیں جمع ہو چکی ہیں، 16 ہزار 587 درخواستیں منظور ہو چکی ہیں جبکہ 3 ہزار 146 افراد کو قرضے دیئے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ پارلیمنٹ نے نئے قوانین پاس کیے ہیں جس سے ہاؤسنگ کے شعبے کی قانونی رکاوٹیں دور ہوں گی اور ایک خصوصی ڈیجیٹل پورٹل بھی لانچ کیا گیا ہے۔


