اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 میں نئی ٹیموں کی شمولیت سے لیگ کی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل کا منافع 2 ارب روپے سے بڑھ کر ساڑھے 7 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔
سینیٹر رانا محمود الحسن کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں پی ایس ایل 2026 کے اخراجات، آمدن اور منافع کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ پی ایس ایل ٹیموں کی تعداد 8 ہونے سے منافع میں اضافہ ہوا ہے۔
دستاویزات کے مطابق پی ایس ایل 2026 پر مجموعی طور پر 2 ارب 64 کروڑ 54 لاکھ روپے سے زائد اخراجات آئے، جبکہ مجموعی آمدن 10 ارب 19 کروڑ 52 لاکھ روپے سے زائد رہی۔ پی سی بی کو ٹیکس سے قبل 7 ارب 54 کروڑ 98 لاکھ روپے منافع ہوا۔
پی ایس ایل 2025 کے دوران پی سی بی کو تقریباً 2 ارب روپے منافع حاصل ہوا جبکہ پی ایس ایل 2024 میں یہ منافع 2 ارب 46 کروڑ روپے تھا۔


