مری (لارڈ میڈیا): مری ایکسپریس وے پر ایک وین میں آتشزدگی کے باعث 10 سیاح جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔ ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا ہے کہ وین اسلام آباد سے مری جاتے ہوئے کھجٹ کے مقام پر الٹ گئی جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور مری انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد پمز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 نے بتایا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کے فوری علاج کی ہدایت دی ہے۔


