مظفرآباد (لارڈ میڈیا): الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے اعلان کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی کو ہوں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ انتخابات امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر رینجرز اور سیکورٹی فورسز کی نگرانی میں منعقد کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے شفاف، آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدار انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے اور مشاورت جاری ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں 34 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ انتخابی شیڈول کے اجرا کے ساتھ ہی ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا عمل بھی شروع ہو جائے گا۔
گزشتہ روز آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے کشمیری مہاجرین کی 12 نشستیں برقرار رکھنے کی قرارداد منظور کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ مہاجرین کی نمائندگی تاریخی اور آئینی حقیقت ہے۔


