اسلام آباد (لارڈ میڈیا): حکومت نے چھوٹے دکانداروں کے لیے فکس ٹیکس سکیم متعارف کرا دی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ حکومت ٹیکس نظام میں وسعت لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور ٹیکس کی شرح کم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ کم کیا جا سکے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ سال سیلاب اور مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باوجود ملکی معیشت مستحکم رہی۔ انہوں نے زور دیا کہ منصفانہ ٹیکس نظام کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ یہ اسکیم تاجروں اور انجمنِ تاجران کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے اور یہ 20 کروڑ روپے یا کم ٹرن اوور والے دکانداروں پر لاگو ہوگی۔ دکاندار اپنی مرضی سے موجودہ ٹیکس نظام میں بھی رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسکیم میں شامل دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے خصوصی شناختی پلیٹ جاری کی جائے گی جس پر دکان کا نام، این ٹی این اور ٹیکس معلومات درج ہوں گی اور انسپکٹر کے لیے کیو آر کوڈ اسکین کیے بغیر دکان میں داخل ہونا ممکن نہیں ہوگا۔
بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ اسکیم میں شامل دکانداروں کو عمومی آڈٹ سے استثنا حاصل ہوگا اور آڈٹ معاملات کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری کے تعاون سے اس اسکیم کو کامیاب بنایا جائے گا۔


