غذر (لارڈ میڈیا): چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا ہدف اٹھارہویں ترمیم کے تحت گلگت بلتستان کو مزید حقوق دلوانا ہے۔ غذر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ نسلوں پر محیط تعلق ہے اور اس بار غذر کی تینوں نشستیں پیپلز پارٹی جیتے گی۔
بلاول بھٹو نے عوام سے اپیل کی کہ انہیں گلگت بلتستان میں بھاری اکثریت دی جائے تاکہ وہ حقِ ملکیت، حقِ حاکمیت اور دیگر آئینی حقوق کے حصول کو یقینی بنا سکیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر حقِ ملکیت سے متعلق قانون سازی کرے گی اور گلگت بلتستان کے مطالبات کو وفاقی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھائے گی۔
انہوں نے روزگار، ہاؤسنگ اور سماجی بہبود کے منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی طرز پر گلگت بلتستان میں بھی ہاؤسنگ منصوبے شروع کیے جائیں گے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ بینظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کے تحت گلگت بلتستان کے لیے بجٹ میں فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا۔
صحت کے شعبے میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بننے کے بعد گلگت بلتستان میں جدید اسپتال قائم کیے جائیں گے اور عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ توانائی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پن بجلی کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بجلی گھر قائم کرکے خطے کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنایا جا سکتا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر بلاول بھٹو نے عوام سے 7 جون کو پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان "تیر” پر مہر لگانے کی اپیل کی۔


