کراچی (لارڈ میڈیا): سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز اسماعیل راہو کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میٹرک کے نتائج 10 جولائی تک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کیے جائیں گے۔ اجلاس میں تمام تعلیمی بورڈز نے امتحانات سے متعلق بریفنگ دی۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ نتائج بروقت جاری کیے جائیں تاکہ طلبہ کو بروقت داخلوں میں سہولت ملے۔ تعلیمی بورڈز میں شفافیت، میرٹ اور امتحانی نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج 31 اگست تک جاری کر دیے جائیں گے۔


