گلگت (لارڈ میڈیا): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو انتخابی مہم سے روکنا پری پول دھاندلی کے مترادف ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو اپنے حلقے ہار گئے وہ گلگت بلتستان کے عوام سے ووٹ مانگنے آئے ہیں، مگر یہاں کے خوددار لوگ ایسے عناصر اور ان کے نظریے کو مسترد کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں اور اراکین قومی اسمبلی کو روکنا اور صوبہ بدر کرنا آئین کے خلاف اقدام ہے، جو جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔ انہوں نے مخالفین کی چار سالہ کارکردگی پر تنقید کی اور کہا کہ عوام ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پی ٹی آئی کی مبینہ آئیسولیشن ختم نہ کی گئی تو پارٹی قیادت اسمبلیوں کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے اور حالات نہ بدلے تو سسٹم سے باہر جانے کا آپشن بھی زیر غور آ سکتا ہے۔


