گلگت (لارڈ میڈیا): گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے لیے انتخابی مہم 5 جون کی رات 12 بجے سے روک دی جائے گی، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، مہم کے اختتام کے بعد امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو حلقوں میں جلسے، جلوس، ریلیاں اور کارنر میٹنگز کی اجازت نہیں ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ مہم کے اختتام کے بعد کسی قسم کی سیاسی سرگرمی یا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نااہلی، جرمانے اور قید کی سزائیں دی جا سکتی ہیں۔ الیکشن انتظامیہ نے امیدواروں، سیاسی کارکنوں اور ووٹرز سے قوانین کی پابندی کی اپیل کی ہے تاکہ شفاف انتخابات منعقد ہو سکیں۔ پولنگ 7 جون کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے ہوگی۔


