ممبئی (لارڈ میڈیا): بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنی تیسری شادی کا اعلان کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 61 سالہ عامر خان آئندہ ماہ اپنی گرل فرینڈ گوری سپراٹ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے۔ یہ شادی 5 جولائی کو ایک نجی اور سادہ تقریب میں منعقد ہوگی، جہاں صرف قریبی خاندان اور چند خاص دوست مدعو ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق، عامر خان اور گوری سپراٹ گذشتہ ایک سال سے ساتھ رہ رہے ہیں اور اپنی زندگی خوشی سے گزار رہے ہیں۔ عامر خان نے گزشتہ سال اپنی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی بار گوری سپراٹ کو اپنی گرل فرینڈ کے طور پر متعارف کرایا تھا۔
یہ عامر خان کی تیسری شادی ہوگی۔ انہوں نے پہلی شادی رینا دتہ سے 1986 میں کی تھی جو 2002 میں ختم ہوگئی۔ ان کے دو بچے جنید اور آئرا ہیں۔ دوسری شادی انہوں نے 2005 میں ڈائریکٹر کرن راؤ سے کی تھی، جس سے 2021 میں علیحدگی اختیار کرلی، تاہم دونوں اپنے بیٹے آزاد کی پرورش مل کر کر رہے ہیں۔


