ہومانٹرنیشنلپاکستان کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری، امریکی موقف کا جائزہ لے...

پاکستان کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری، امریکی موقف کا جائزہ لے رہے ہیں، ایران

تہران (شِنہوا) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان پاکستان کے ذریعے پیغامات کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے اور تہران امریکہ کے تازہ موقف کا جائزہ لے رہا ہے۔

سرکاری ٹی وی چینل آئی آر آئی بی کو انٹرویو دیتے ہوئے بقائی نے کہا کہ مختلف مواقع پر پیغامات کا تبادلہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا تہران کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجاویز کے مسودوں پر وضاحت اور پیغامات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنے کے لئے کیا گیا۔

بقائی نے کہا کہ ایران لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے پر توجہ دے رہا ہے اور اس حوالے سے اس کے واضح مطالبات ہیں، جن میں ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی ، ایران کی جہاز رانی کے خلاف امریکی "بحری قزاقی” اور دیگر معاندانہ اقدامات کا خاتمہ شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران نیک نیتی اور سنجیدگی کے ساتھ سفارتی عمل میں شامل ہوا ہے، تاہم گزشتہ 18 ماہ کے دوران امریکہ کے "انتہائی خراب” ریکارڈ کی وجہ سے تہران کو واشنگٹن پر سخت عدم اعتماد ہے۔

بقائی کے مطابق ایران عمان کے تعاون سے آبنائے ہرمز میں "پائیدارسلامتی” کو یقینی بنانے کے لئے ایک نظام تشکیل دینا چاہتا ہے اور اس اہم آبی گزرگاہ میں محفوظ بحری آمد و رفت کیلئے دیگر ساحلی ممالک کے ساتھ مل کر قواعد و ضوابط تیار کرنے کے لئے تیار ہے۔

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نے مذاکراتی ٹیم کے قریبی ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ تہران کی جانب سے 14 نکاتی مجوزہ منصوبہ پیش کئے جانے کے تین روز بعد امریکہ نے پاکستان کے ذریعے ایران کو ایک نیا مسودہ بھجوایا ہے۔

ذرائع کے مطابق ثالث اس وقت تہران میں موجود ہے اور فریقین کے مسودوں کو قریب لانے کی کوشش کر رہا ہے تاہم ابھی کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچا گیا۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے ہمیشہ اپنے وعدوں کی پاسداری کی ہے اور جنگ سے بچنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے تمام راستے اب بھی کھلے ہیں۔ دباؤ کے ذریعے ایران کو جھکانے کی کوشش محض ایک خام خیالی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں