اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر اعظم شہباز شریف 24 مئی سے چین کا دورہ کریں گے جس میں 5 ارب ڈالر مالیت کے 100 سے زائد یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق 90 فیصد معاہدے بزنس ٹو بزنس جبکہ 10 فیصد گورنمنٹ ٹو بزنس ہوں گے۔
دورے کے دوران، وزیر اعظم چینی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے جہاں خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔ معاہدے زراعت، پولٹری، ڈیری فارمنگ، آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن اور الیکٹریکل وہیکل پارٹس سمیت دیگر شعبوں میں ہوں گے۔
وزیر اعظم کے ساتھ وزراء اور نجی شعبے کے لوگ بھی شامل ہوں گے۔ دورہ 26 مئی کو مکمل ہوگا اور اس کے بعد 3 جون کو نیشنل اکنامک کونسل کا اجلاس متوقع ہے۔
دورے کی تیاریوں کے باعث وفاقی بجٹ 5 جون کو پیش کیا جائے گا جبکہ قومی اقتصادی سروے 4 جون کو پیش کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔


