واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کو محفوظ طریقے سے گزارنے کے "پروجیکٹ فریڈم” کے نام سے جاری امریکی فوجی آپریشن عارضی طور پر روک دیا جائے گا تاکہ دیکھا جا سکے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان امن معاہدہ طے پا سکتا ہے یا نہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ اگرچہ ناکہ بندی مکمل طور پر برقرار رہے گی لیکن پروجیکٹ فریڈم (آبنائے ہرمز سے جہازوں کی نقل و حرکت) کو مختصر مدت کے لئے روک دیا جائے گا تاکہ دیکھا جا سکے کہ آیا معاہدہ حتمی طور پر مکمل اور دستخط کئے جا سکتے ہیں یا نہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر کیا گیا ہے اور اسی کے ساتھ ایران کے نمائندوں کے ساتھ مکمل اور حتمی معاہدے کی طرف بڑی پیش رفت بھی ہوئی ہے۔
اس سے چند گھنٹے پہلے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا تھا کہ ایران کے خلاف 28 فروری کو اسرائیل کے ساتھ مشترکہ طور پر شروع کی جانے والی امریکی فوجی مہم "ختم ہو چکی ہے” کیونکہ واشنگٹن نے اپنی توجہ "پروجیکٹ فریڈم” پر مرکوز کر دی ہے تاکہ عالمی توانائی کے لئے اہم آبی راستہ دوبارہ کھولا جا سکے۔


