وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں تباہ کن سیلاب و طوفان سے قیمتی جانی و مالی نقصان پر دکھ و افسوس اور ترک عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
منگل کو سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ کے صوبوں غازی انتیپ، شانلی عرفہ، ادیامان اور ملحقہ علاقوں میں تباہ کن سیلاب اور شدید موسمی صورتحال کے باعث قیمتی جانی و مالی نقصان پر دکھی ہوں۔
انہوں نے سیلاب سے اموات پر پاکستانی عوام، حکومت اور اپنی طرف سے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے ترک بھائیوں و بہنوں کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، ہماری دلی ہمدردیاں اور دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے متاثرہ علاقوں میں امدادی و بحالی کوششوں میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔


