محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیر پھٹنے، شدید بارشوں و سیلاب کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
حکام کے مطابق 3مئی 2026ء سے ایک معتدل مغربی لہر پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے، اس دوران گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر بارش، آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں اچانک اضافے کے بعد اس نوعیت کی بارشیں معمول کا حصہ ہوتی ہیں، یہ صورتحال گلیشیل لیک آئوٹ برسٹ فلڈ، ملبے کے بہائو اور سیلاب کے خطرات کو بڑھا دیتی ہے، خاص طور پر ہوپر، غلکین، ششپر، یاسین، پھنڈر، بڈسوات، لوئر ہنزہ، نگر، گھانچے، دیر اور دیر بالا جیسے علاقے زیادہ خطرے کی زد میں ہیں۔
حکام نے برفانی وادیوں میں رہنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران ندی نالوں اور دریا کے کناروں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
مقامی ندیوں میں پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی یا غیر معمولی آوازوں جیسے پتھروں کے ٹکرانے کی صورت میں فوری احتیاط برتی جائے اور محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔
حکام نے مویشیوں اور ضروری اشیاء کو بلند و محفوظ مقامات پر منتقل ،کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کمیٹیوں کیساتھ قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام 24 گھنٹے چوکس ہیں، دور دراز علاقوں میں تکنیکی فوکل پرسنز کیساتھ رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔


