ہومپاکستانمزدور و ہنر مند افرادی قوت قومی ترقی کی اصل معمار، محنت...

مزدور و ہنر مند افرادی قوت قومی ترقی کی اصل معمار، محنت سے کھیتوں و کارخانوں تک زندگی رواں دواں ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور و ہنر مند افرادی قوت ہی اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ وارانہ مہارت کے آئینہ دار ہیں، نیشنل سکلز ڈویلپمنٹ پالیسی کے تحت جامع حکمت عملی پر عمل جاری، ای او بی آئی، ورکرز ویلفیئر فنڈ مزدوروں کی فلاح کیلئے سرگرم ہیں۔

یکم مئی یوم مزدور پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر یوم مزدور نہایت پر عزم انداز میں منا رہا ہے، میں مزدوروں کے عالمی دن پر دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان کے محنت کشں مزدوروں کو ان کی بے لوث خدمات پر خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ مزدور، کسان، کاریگر، فیکٹریوں میں کام کرنے والے اور دیگر محنت کش طبقات کی قربانی اور خاموش استقامت ہی کھیتوں سے کارخانوں تک، تعمیراتی مقامات سے ورکشاپس تک، مقامی گلیوں سے لے کر عالمی سطح تک کارہائے زندگی کو رواں دواں رکھتی ہے، معاشرے کے یہی بے لوث جفا کش سب سے بڑے اعزاز کے مستحق ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم، پاکستانی مزدور کی عزم و ہمت، مشکلات کو سہنے کے حوصلے اور زندگی کی سختیوں کا وقار کے ساتھ سامنا کرنے کے مثالی جذبہ کے شاہد ہیں، مزدور اور ہنر مند افرادی قوت ہی اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے آئینہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار ہمارے لاکھوں محنت کش قومی صلاحیت اور ملکی اساس کے سفیر ہیں ان کی قابلیت اور محنت سے کمائی گئی ایک ایک پائی ہمارے لئے باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی دنیا بھر میں عزت کے ساتھ اپنی روزی بھی کماتے ہیں اور ملکی معاشی استحکام میں قیمتی زرمبادلہ کی صورت میں اپنا بیش قدر حصہ بھی ڈالتے ہیں، قوم کے مستقبل کیلئے ان کی یہ قومی خدمت ہمارے دل پہ نقش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک روزگار کے حصول کیلئے جانے والے ہم وطنوں کی ہنر مندی اور پیشہ ورانہ استعداد کو بڑھانے کے لیے وفاقی حکومت نے خصوصی اقدامات کئے ہیں، وفاقی حکومت نے نیشنل سکلز ڈویلپمنٹ پالیسی کے تحت ملکی صنعت وحرفت اور تجارت میں ہنر مندی کی مخصوص ضرویات اور جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے، بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لئے بالخصوص بین الاقوامی معیار کی تربیت، زبانوں پر عبور اور سرٹیفیکیشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ ہماری افرادی قوت دنیا میں باعزت طریقے سے اپنا مقام قائم کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ادارے بشمول ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن اور ورکرز ویلفیئر فنڈ مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو پنشن، رہائش، تعلیم اور دیگر فلاحی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئیے آج کے دن تجدید عہد کریں کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں، اجتماعی اور انفرادی سطح پر تمام افراد، تاجر، صنعتکار، مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دعا ہے پاکستان کے محنت کش یونہی جفاکشی، مہارت و نیک نیتی سے ملک کا نام روشن کرتے رہیں اور عزم و ہمت اور قومی وقار کی قابل فخر علامت رہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں