روڈ ٹو مکہ کی پہلی حج پرواز 270عازمین کو لے کر اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ ہوگئی ہے، سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 5723گزشتہ روز دن 11 بجے روانہ ہوئی، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سعودی ڈپٹی ہیڈ مشن محمد ال علی اور جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی نے عازمین حج کو رخصت کیا، عازمین حج نے حکومت پاکستان کی کاوشوں پر انکا شکریہ ادا کیا۔
وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج 2026کی پہلی حج پرواز ہے، عازمین کو سرزمین حجاز روانہ کر دیا گیا، ہر حاجی کیلئے یہ لمحہ زندگی کے یادگار ترین لمحات میں سے ایک ہے، انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سعودی وژن 2030 اور وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی کاوشوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مثالی تعاون سے حج انتظامات مکمل کئے گئے ہیں، حکومت پاکستان کی اولین ترجیح عازمین کو سہولت اور باوقار سفر کی فراہمی ہے، روڈ ٹو مکہ منصوبہ عازمین کیلئے انقلابی سہولت ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ پر سعودی امیگریشن اور سفری مراحل مکمل کئے جا رہے ہیں، اس سہولت سے عازمین براہ راست اپنی رہائشگاہوں تک پہنچ سکیں گے، اسلام آباد سے 36ہزار اور کراچی سے 29ہزار 800 عازمین مستفید ہونگے جبکہ پہلی بار لاہور سے بھی 30ہزار عازمین روڈ ٹو مکہ سہولت حاصل کرینگے، مجموعی طور پر 95ہزار 800پاکستانی عازمین اس جدید سہولت سے فائدہ اٹھائینگے، کل عازمین کا 80فیصد روڈ ٹو مکہ منصوبے سے مستفید ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حج انتظامات مزید بہتر بنائے گئے ہیں، ہر 188 عازمین کیساتھ تربیت یافتہ ناظم مقرر کیا گیا ہے، منی، عرفات اور مزدلفہ میں عازمین کی مکمل رہنمائی یقینی بنائی جائیگی جبکہ ہر حاجی کو سعودی عرب پہنچتے ہی مفت سعودی سم فراہم کی جائیگی، لانگ حج کیلئے 40 جی بی انٹرنیٹ سہولت دی جائیگی۔
انکا کہنا تھا کہ 24 ہزار حجاج کو ہائی سپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کی سہولت فراہم کی جائیگی جس کیلئے مکہ اور مدینہ کے درمیان جدید ٹرین سروس کا آغاز کیا گیا ہے، اس سال 1 لاکھ 19ہزار سرکاری حجاج کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، تمام سرکاری حجاج کو مدینہ میں مرکزیہ کے قریب رہائش دی جائیگی، سردار یوسف نے حجاج کو صبرو نظم و ضبط کیساتھ حج مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی قوانین کی پابندی ہر حاجی پر لازم قرار دے، انہوں نے خدام الحجاج کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید بھی کی۔
انکا کہنا تھا کہ حجاج پاکستان کے سفیر ہیں، مثبت کردار ادا کریں، انہوں نے سعودی قیادت کا حجاج کی خدمت پر خصوصی شکریہ ادا جبکہ شاہ سلمان کی سرپرستی میں حجاج کی خدمت کو سراہا گیا۔


