ہومتازہ ترینروس، امریکہ اور یوکرین کے مذاکرات نومبر میں متوقع

روس، امریکہ اور یوکرین کے مذاکرات نومبر میں متوقع

سینٹ پیٹرزبرگ (لارڈ میڈیا): روس نے امریکہ اور یوکرین کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات نومبر کے آغاز میں دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے امریکی صدر کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف کے ساتھ ملاقات میں واضح کیا کہ ماسکو 10 نومبر کے قریب مذاکرات بحال کرنے کے لیے تیار ہے۔

روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف نے بتایا کہ صدر پوتن اور اسٹیو وٹکوف کے درمیان ملاقات تفصیلی اور کھلے ماحول میں ہوئی، جس میں یوکرین تنازع کے حل، سہ فریقی مذاکرات کی بحالی، روس اور امریکہ کے اقتصادی تعاون اور چین میں ممکنہ اعلیٰ سطحی ملاقات سمیت متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یوری اوشاکوف کے مطابق یہ ملاقات کئی روز پہلے طے کی گئی تھی اور صدر پوتن اور اسٹیو وٹکوف کے درمیان یہ نویں ملاقات تھی۔ امریکہ کے مذاکرات کار جیرڈ کشنر بھی ویڈیو لنک کے ذریعے بات چیت میں شامل تھے۔

ملاقات کا مرکزی موضوع یوکرین کی صورتحال تھا، اسٹیو وٹکوف نے صدر پوتن کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی اور یورپی نمائندوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا۔ امریکی نمائندے نے یوکرین تنازع کے حل کے لیے پیش کیے گئے نئے طریقہ کار کی تفصیلات بھی فراہم کیں۔

روسی صدارتی معاون کے مطابق ملاقات میں روس، امریکہ اور یوکرین کے نمائندوں کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کی ممکنہ بحالی کے طریقہ کار پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ صدر پوتن نے بتایا کہ روسی افواج کو محاذ جنگ پر اسٹریٹجک برتری حاصل ہے اور وہ اہم سمتوں میں پیش قدمی کر رہے ہیں۔

ملاقات میں روس سے امریکہ اور عالمی منڈیوں کو ڈیزل کی فراہمی سے متعلق معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کہ ڈیزل کی فراہمی کا معاہدہ روس اور امریکہ دونوں کے مفاد میں ہے۔ روسی ڈیزل پر بعض امریکی پابندیوں میں چھوٹ کے بعد معاہدے پر عملی کام شروع ہو چکا ہے۔

روسی صدارتی معاون نے بتایا کہ نومبر میں چین کے شہر شینزین میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) سربراہی اجلاس کے موقع پر روس، امریکہ اور چین کے صدور کی ممکنہ سہ فریقی ملاقات پر بھی گفتگو ہوئی۔ چین اس ممکنہ ملاقات کی تیاریاں کر رہا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں