اسلام آباد (لارڈ میڈیا) : پاسپورٹس کی تازہ عالمی درجہ بندی میں پاکستانی پاسپورٹ 2026 میں 9 درجے تنزلی کے بعد 183ویں نمبر پر آگیا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کا موبیلیٹی اسکور 42 ہے، جس کا مطلب ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کو 42 مقامات تک مختلف اقسام کی سہل سفری رسائی حاصل ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کو صرف 9 مقامات پر ویزا فری رسائی حاصل ہے جبکہ 29 مقامات پر ویزا آن ارائیول اور 4 مقامات پر الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن کے ذریعے داخلے کی سہولت موجود ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر 42 مقامات ایسے ہیں جہاں پاکستانی شہریوں کو سفر سے قبل روایتی ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔
پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں یہ تنزلی گزشتہ چند برسوں کی بہتری کے بعد نمایاں ہے۔ 2023 میں پاکستان 180ویں نمبر پر تھا، 2024 میں 175ویں نمبر پر آیا جبکہ 2025 میں مزید بہتری کے بعد 174ویں نمبر پر پہنچ گیا تھا۔
تازہ درجہ بندی میں پاکستان دنیا کے کم ترین رینک والے پاسپورٹس میں شامل ہے جبکہ پاکستان سے نیچے صرف عراق، شام اور افغانستان کے پاسپورٹس موجود ہیں۔
پاکستانی پاسپورٹ کا موبیلیٹی اسکور 2020 میں 36 تھا جو 2023 میں 47ہوگیا۔ 2024 میں بھی یہ اسکور 47 پر برقرار رہا تاہم 2025 میں کم ہوکر 44 ہوگیا جبکہ 2026 میں مزید کمی کے بعد 42 رہ گیا۔


