اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجار کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ ملاقات میں سکیورٹی، عوامی روابط اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون پر بات چیت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان سزا یافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے کو قانونی تعاون کا اہم سنگ میل قرار دیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
لبنانی وزیر داخلہ نے پاکستان کے علاقائی امن و استحکام کے کردار کو سراہا اور پاکستان کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
دونوں ممالک نے غیر قانونی امیگریشن، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائمز کے تدارک پر باہمی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور وزارت داخلہ کی سطح پر فوکل پرسنز مقرر کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔


