اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بیک ڈور رابطوں کا ماحول کچھ ٹھنڈا ہے اور بات چیت کی اشد ضرورت ہے۔ اڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو لاہور میں سکیورٹی نہ دینا افسوسناک ہے، ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو دوسرے صوبے میں سکیورٹی دینا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا جس پر توہین عدالت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی مسائل کا حل سیاسی طریقے سے ڈھونڈا جائے اور حکومت سے مذاکرات کا ماحول بنایا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی کے سربراہ کو بانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں جو کہ سیاسی ماحول کو خراب کر رہے ہیں۔
انہوں نے جماعت اسلامی کے مہنگائی کے خلاف احتجاج کی حمایت کی اور کہا کہ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا احتجاج علیحدہ علیحدہ ہوگا۔ مزید کہا کہ بانی سے جیل میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی ہائی لیول کی شخصیت ان سے ملی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالتوں کے ذریعے مسائل کو نہ الجھائیں اور امید ظاہر کی کہ پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو۔


