ہومتازہ ترینچین-بحرالکاہل تجارت کے فروغ کیلئے فجی میں گوانگ ڈونگ مصنوعات کی نمائش...

چین-بحرالکاہل تجارت کے فروغ کیلئے فجی میں گوانگ ڈونگ مصنوعات کی نمائش کا افتتاح

سووا (شِنہوا) فجی کے دارالحکومت سووا میں منگل کے روز بحرالکاہل جزیرہ ممالک میں گوانگ ڈونگ کی مصنوعات کی 2026 روڈ شو نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد چین، فجی اور دیگر بحرالکاہل جزیرہ ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کو مزید مستحکم کرنا اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔

"گوانگ ڈونگ کی اسمارٹ مینوفیکچرنگ: ایک سرسبز فجی کے لیے توانائی” کے موضوع کے تحت منعقدہ اس تقریب میں چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ میں مصنوعی ذہانت، صارف الیکٹرانکس مصنوعات اور نئی توانائی کے ذخیرے کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت اور مصنوعات کی جامع نمائش کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فجی کے نائب وزیر اعظم منوا کیمیکامیکا نے کہا کہ جدید مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی اور اسمارٹ گھریلو آلات کے شعبوں میں گوانگ ڈونگ کا تجربہ فجی کی ترقیاتی ترجیحات کے لیے معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ گوانگ ڈونگ کی سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور فجی کے کاروباری اداروں کو چینی منڈی تک رسائی کے لیے مزید مواقع میسر آئیں گے۔

اس وقت چین اور فجی کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

گوانگ ڈونگ کے نائب گورنر ژانگ گوژی نے بتایا کہ 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت 65 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کی نسبت 22 فیصد زائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوانگ ڈونگ اور فجی کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، رواں سال کی پہلی ششماہی میں دوطرفہ تجارتی حجم 6 کروڑ 72 لاکھ 80 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کی نسبت 87.3 فیصد کا نمایاں اضافہ ہے۔

ژانگ نے کہا کہ آئندہ گوانگ ڈونگ فجی کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرے گا، جس کے لیے سرمایہ کاری میں توسیع، ڈیجیٹل تجارت اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور صنعتی و تجارتی تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

فجی میں چینی سفارتخانے کے ناظم الامور وانگ یوآن نے کہا کہ چین اور فجی کے درمیان جامع تزویراتی شراکت داری مسلسل گہری ہو رہی ہے، جبکہ اقتصادی و تجارتی تعاون دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم ستون ہے۔

منگل کے روز منعقدہ یہ تقریب بحرالکاہل کےجزیرہ ممالک میں گوانگ ڈونگ کی مصنوعات کا ساتواں روڈ شو تھا، جس کا انعقاد چینی کونسل برائے بین الاقوامی تجارتی ترقی کی گوانگ ڈونگ کمیٹی نے 2016 سے کیا ہے۔ یہ تقریب چین اور بحرالکاہل جزیرہ ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان کاروباری تبادلوں، منڈی کی ضروریات سے ہم آہنگی اور عملی تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کا کردار ادا کرتی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں