جبوتی (لارڈ میڈیا): یمن میں حوثی جنگجوؤں کی باب المندب کے اطراف پیش قدمی کے بعد 1400 افراد 24 گھنٹوں میں یمن سے جبوتی پہنچ گئے ہیں۔ جبوتی کے وزیر معیشت و خزانہ الیاس موسیٰ دوالے نے کہا ہے کہ یہ پناہ گزین کشتیوں کے ذریعے اوبوک پہنچے ہیں۔ اس سے قبل بھی 500 افراد کو سمندر میں کشتیوں کا ایندھن ختم ہونے کے بعد ریسکیو کرکے اوبوک لایا گیا تھا۔
انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق اوبوک پہنچنے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں اور مزید افراد کے آنے کا امکان ہے۔ اوبوک یمنی ساحل سے 20 کلومیٹر دور ہے اور جنگ سے متاثرہ افراد کے لیے اہم مقام ہے۔
IOM نے بتایا ہے کہ جولائی سے جاری لڑائی کے باعث یمن میں 76 ہزار افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ حوثیوں نے حال ہی میں بحیرہ احمر کی بندرگاہی شہر موخا پر قبضہ کیا تھا، جس کے بعد باب المندب کے اطراف مزید پیش قدمی کی گئی۔
باب المندب بحیرہ احمر اور خلیج عدن کے درمیان ایک اہم سمندری گزرگاہ ہے۔ یہاں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے مقامی آبادی اور عالمی بحری تجارت کے حوالے سے تشویش پیدا کر دی ہے۔


