ہومتازہ ترینچین نے بزرگوں کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کے لئے لازمی...

چین نے بزرگوں کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کے لئے لازمی معیارات متعارف کرا دیئے

بیجنگ (شِنہوا) چین نے بزرگوں کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں میں حفاظت اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے 2 لازمی قومی معیارات متعارف کرائے ہیں۔ یہ اقدام ایسے شعبے کو پیشہ ورانہ بنانے اور منظم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے جو ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی بزرگ آبادی کے لئے انتہائی اہم ہے۔

بزرگوں کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کے لئے بنیادی ضوابط اور ایسے اداروں میں بڑے حادثات کے خطرات کی نشاندہی کے دونوں معیارات ریاستی انتظامیہ برائے مارکیٹ ریگولیشن (ایس اے ایم آر) اور وزارت شہری امور نے مشترکہ طور پر جاری کئے ہیں اور یہ یکم اگست 2027 سے نافذ العمل ہوں گے۔

بنیادی معیار میں 7 شعبوں کے تحت 90 مخصوص تقاضے مقرر کئے گئے ہیں جن میں جگہ کا انتخاب، سہولیات اور آلات، داخلے اور اخراج کے طریقہ کار اور حفاظتی انتظامات شامل ہیں۔ اس کا مقصد اداروں کے لئے ضابطوں کے مطابق کام کرنے کی بنیادی سطح مقرر کرنا ہے۔

بڑے حادثات کے خطرات کی نشاندہی سے متعلق معیار میں حفاظتی خطرات کی شناخت کے لئے ایک منظم طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ یہ ملک بھر میں انتظامی امور کے دوران حاصل ہونے والے تجربات اور اسباق کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے تاکہ اداروں کے منتظمین خطرات کی درست اور بروقت نشاندہی کرکے ان سے نمٹ سکیں۔

ایس اے ایم آر کے ایک عہدیدار وانگ یوہوان نے کہا کہ ’یہ لازمی معیارات بزرگوں کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کو حفاظت اور خدمات کے اہم عناصر پر توجہ مرکوز کرنے اور خطرات کی روک تھام کی صلاحیتوں اور انتظامی معیار کو مسلسل بہتر بنانے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔‘

چین عمر رسیدہ معاشرے کی ضروریات پوری کرنے کے لئے اپنے بزرگوں کی دیکھ بھال کے نظام کو تیزی سے بہتر بنا رہا ہے۔ 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 32 کروڑ سے زائد افراد کے ساتھ چین دنیا کی سب سے بڑی بزرگ آبادی رکھنے والا ملک ہے۔

قومی ترقی و اصلاحات کمیشن کے مطابق 15ویں 5 سالہ منصوبے (2026-2030) کے دوران چین کا ہدف 2 ہزار سرکاری نگہداشت مراکز کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کرنا اور ایسے اداروں میں نرسنگ کیئر کے بستروں کا تناسب 73 فیصد سے زیادہ کرنا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں