تیانجن (شِنہوا) چین کی ثقافتی و سیاحتی صنعت نمائش 2026 شمالی شہر تیانجن میں شروع ہوگئی جس میں 20 ممالک اور خطوں سے ثقافت اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ 2 ہزار 500 سے زائد ادارے شریک ہیں۔
چین کی وزارت ثقافت و سیاحت کی میزبانی میں منعقد ہونے والی 4 روزہ اس تقریب میں 10 بین الاقوامی تنظیموں اور قومی سطح کی صنعتی تنظیموں نے بھی شرکت کی ہے۔
’’ثقافت اور سیاحت کے انضمام کو مزید گہرا کرنا، بہتر اور سمارٹ زندگی کی تخلیق‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس نمائش میں 10 نمائشی زونز قائم کئے گئے ہیں جن میں ثقافت و سیاحت کا انضمام، ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل کاروبار، سیاحتی سازوسامان، بین الاقوامی تعاون، مقامی سیاحتی مقامات اور صارفین کی مصنوعات شامل ہیں۔
اس موقع پر 18 پیشہ ورانہ تقریبات بھی منعقد کی جا رہی ہیں جن میں علاقائی تعاون، صنعتی جدت، ٹیکنالوجی کے استعمال اور ثقافت و سیاحت سے متعلق صارفین کے رجحانات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
وزارت کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں چین کی اندرون ملک سیاحت کی مارکیٹ میں مسلسل ترقی ہوئی۔ اس دوران چینی شہریوں نے اندرون ملک 3.46 ارب سے زائد سفری دورے کئے جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5.4 فیصد زیادہ ہیں۔ 6 ماہ کے دوران اندرون ملک سیاحت پر اخراجات 2 فیصد بڑھ کر 32.1 کھرب یوآن (تقریباً 473.4 ارب امریکی ڈالر) ہوگئے۔
وزارت کے ایک عہدیدار میاؤ مویانگ نے کہا کہ اعلیٰ معیار کی سیاحتی مصنوعات، عمیق اور یادگار تجربات، زیادہ متنوع خریداری کے مواقع اور بہتر خدمات کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے اس صنعت کی ترقی کے لئے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
ایک لاکھ مربع میٹر پر محیط اس ایکسپو میں بین الاقوامی تعاون کے لئے ایک خصوصی زون بھی شامل ہے جس میں عالمی سیاحتی ادارے، بین الاقوامی سیاحتی تنظیمیں، بیرون ملک سے تقریباً 100 ٹریول آپریٹرز اور صنعت سے وابستہ دیگر ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔


