ہومتازہ ترینچین نے مقامی طور پر تیار کردہ پہلی بھاری گیس ٹربائن برآمد...

چین نے مقامی طور پر تیار کردہ پہلی بھاری گیس ٹربائن برآمد کر دی

چین نے جمعہ کو مقامی طور پر تیار کردہ ایف کلاس بھاری گیس ٹربائن پہلی بار بیرونِ ملک استعمال کے لیے روانہ کر دی ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسی عالمی منڈی میں چین کی شمولیت کی جانب اہم قدم ہے جس پر طویل عرصے سے چند بین الاقوامی صنعت کاروں کا غلبہ رہا ہے۔

ڈونگ فانگ ٹربائن کمپنی لمیٹڈ کی تیار کردہ پچاس میگاواٹ کی جی 50 ٹربائن ایک ٹرک کے ذریعے چین کے جنوب مغربی صوبہ سیچھوان کے شہر دی یانگ سے قازقستان کے لیے روانہ کی گئی۔

یہ ترسیل نومبر 2025 میں طے پانے والے ایک معاہدے کا حصہ ہے، جس کے تحت قازقستان میں بجلی پیدا کرنے کے ایک منصوبے کے لیے تین جی 50 ٹربائن فراہم کی جائیں گی۔ یہ چین میں تیار کردہ ایف کلاس بھاری گیس ٹربائن کا پہلا غیر ملکی آرڈر ہے۔
کمپنی کے ڈپٹی جنرل منیجر لی حہ نے بتایا کہ کمپنی ان ٹربائنز کے لیے ان کی پوری عملی مدت کے دوران خدمات بھی فراہم کرے گی۔ مقامی حالات اور ضروریات کے مطابق ہوا کے داخلے اور روٹر نظام سمیت مختلف پرزوں کو خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔
بھاری گیس ٹربائن بجلی کی پیداوار اور مشینی نظام چلانے کے لیے اہم آلات میں شمار ہوتے ہیں۔

دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر استعمال ہونے والے ایف کلاس بھاری گیس ٹربائن تقریباً ایک ہزار چار سو ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر کام کرتی ہیں۔ ان کی تیاری میں بلند درجہ حرارت برداشت کرنے والی دھاتی آمیزشوں، انتہائی درست ڈھلائی اور ہوائی حرکیات سمیت ایک سو سے زائد شعبوں کی مہارت درکار ہوتی ہے۔

ڈونگ فانگ ٹربائن کمپنی لمیٹڈ میں صاف اور مؤثر ٹربائن توانائی کے آلات کی قومی تجربہ گاہ کے سربراہ فانگ یو نے بتایا کہ چین نے حالیہ برسوں میں بھاری گیس ٹربائن کی مقامی تیاری کی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے۔ چین میں آزادانہ طور پر تیار کردہ ٹربائنز کی پیداواری صلاحیت اب پانچ سو پچاس میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔

یہ برآمد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دنیا بھر میں گیس ٹربائنز کی طلب بڑھ رہی ہے۔ اس کی ایک وجہ مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا مراکز میں بجلی کی بڑھتی ہوئی کھپت اور عالمی توانائی کے ذرائع میں آنے والی تبدیلیاں ہیں۔

شی آن جیاؤ تھونگ یونیورسٹی کے پروفیسر فینگ ژن پھِنگ نے کہا کہ چین کی مضبوط صنعتی سپلائی چین، بروقت فراہمی کی صلاحیت اور لاگت کے اعتبار سے مسابقت چینی ٹربائن ساز اداروں کو بین الاقوامی منڈی میں اپنا حصہ بڑھانے میں مدد دے سکتی ہے۔

چھنگ دو، چین سے نمائندگان شِنہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں