اسلام آباد (لارڈ میڈیا): برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانی طلبہ کے ویزوں میں تاخیر کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔ یہ یقین دہانی اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران دی گئی، جہاں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر قانون نے برطانوی ہائی کمشنر کے ساتھ پاکستانی طلبہ کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ اٹھایا اور اس پر حکومتی تشویش سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس معاملے پر کام کر رہی ہے اور اپنی سفارشات مرتب کر چکی ہے۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ جلد حل کیا جائے گا اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیر مملکت برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق بیرسٹر عقیل ملک بھی موجود تھے اور دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور تعاون کو مستحکم بنانے پر بھی گفتگو کی گئی۔


