ہانگ کانگ (شِنہوا) ہانگ کانگ سائنس پارک میں اینو کارنیوال 2026 کا آغاز ہو گیا۔ ’’جدت اور ٹیکنالوجی کے ساتھ آگے بڑھیں، خوابوں کو بلندیوں تک لے جائیں‘‘ کےعنوان سے منعقدہ اس میلے میں مقامی جدت اور ٹیکنالوجی (آئی اینڈ ٹی) کے شعبے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی متعدد نمائشیں پیش کی گئی ہیں۔
ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) کی حکومت کے جدت اور ٹیکنالوجی کمیشن کے زیر اہتمام اس 9 روزہ میلے میں خلائی تحقیق کے لئے ایک خصوصی زون بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس میں مقامی جامعات کے متعلقہ تحقیقی منصوبوں اور چین کے خلائی تحقیق کے مشنز میں ان کے کردار کو اجاگر کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کی حکومت کے مالیاتی سیکرٹری پال چھن نے کہا کہ ہانگ کانگ کی جدید ترین تحقیق کی مضبوط صلاحیتیں، جامع مالیاتی خدمات اور عالمی معیار کے بین الاقوامی ماہرین مل کر ایسا مکمل راستہ فراہم کرتے ہیں جس کے ذریعے خیالات کو صنعتی شکل دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ کی حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ اعلان کردہ پہلے پانچ سالہ منصوبے میں شمالی میٹروپولس کو جدت اور ٹیکنالوجی کی صنعتوں کے مرکز کے طور پر متعین کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت تعلیم، ٹیکنالوجی، افرادی قوت اور صنعت کی مربوط ترقی کو فروغ دیا جائے گا تاکہ جامعات میں ماہرین کی تیاری اور تحقیق کو صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
یہ میلہ عوام کے لئے مفت اور کھلا ہے۔ اس میں نمائشوں، انٹرایکٹو کھیلوں، تقریباً 150 تربیتی ورکشاپس اور مختلف موضوعات پر 10 سے زائد آن لائن سیمینارز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ان موضوعات میں خلائی ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) بھی شامل ہیں۔


