ہری پور (لارڈ میڈیا) ہری پور میں سرائے صالح کے قریب ٹرک اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 4 نوجوان جاں بحق ہو گئے جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کا شکار ہونے والی کار میں سوار چار دوست ایبٹ آباد میں شادی میں شرکت کے بعد ہری پور واپس جا رہے تھے جب ان کی گاڑی سرائے صالح کے قریب ٹرک سے ٹکرا گئی۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 23 سالہ عمر مہتاب، 28 سالہ شامیر جاوید، 19 سالہ سیف الرحمان اور 25 سالہ احسن شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے اور ان کا تعلق ہری پور کے درویش محلہ کھجوراں والے سے ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو ہری پور ٹراما سینٹر منتقل کردیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ حادثے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہے اور ایک ہی محلے میں چار جنازے پہنچنے پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔


