باچھین (شِنہوا) چین کے جنوب مغربی شی زانگ خودمختار علاقے کے شہر ناگ چھو کی باچھین کاؤنٹی میں جمعرات کی رات 10 بج کر 33 منٹ پر آنے والے 7 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 76 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
ناگ چھو کی میونسپل حکومت کے اطلاعاتی دفتر کی جانب سے جمعہ کی سہ پہر منعقدہ پریس کانفرنس کے مطابق زلزلے سے 339 مکانات اور مویشیوں کے 20 باڑے بھی متاثر ہوئے جن میں سے بعض تباہ ہو گئے۔
چین کے صدر شی جن پھنگ نے لاپتہ افراد کی تلاش اور انہیں بچانے کے لئے بھرپور کوششیں کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے جانی نقصان کم سے کم رکھنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے پر زور دیا۔
شی جن پھنگ نے زلزلے کے بعد آنے والے جھٹکوں اور موسمی حالات پر قریبی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ثانوی آفات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے متاثرہ افراد کے لئے مناسب رہائش کا انتظام کرنے اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی فوری مرمت پر بھی زور دیا۔
چینی وزیراعظم لی چھیانگ نے آفات کی روک تھام اور ان سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی جبکہ وزارت ہنگامی انتظامات اور شی زانگ کے حکام نے امدادی سرگرمیوں کے لئے وسائل متحرک کر دیئے ہیں۔
چین نے ہنگامی امداد کے لئے 5 کروڑ یوآن (تقریباً 75 لاکھ امریکی ڈالر) مختص کئے ہیں جبکہ بحالی کی سرگرمیوں کے لئے مزید 3 کروڑ یوآن مختص کئے گئے ہیں۔ ملک نے زلزلے کے متعلق قومی ہنگامی ردعمل کی سطح بھی چہارم سے بڑھا کر سوم کر دی ہے۔
امدادی کارروائیوں کے لئے 5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو تلاش اور بچاؤ، طبی امداد، عارضی رہائش اور ضروری اشیائے خورونوش کی فراہمی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
امدادی سرگرمیوں میں روابط کے لئے متاثرہ علاقے میں ہنگامی کمانڈ ہیڈکوارٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ جمعہ کی صبح 10 بجے تک 12 ہزار 489 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا تھا۔
ہنگامی کمانڈ ہیڈکوارٹر کے مطابق گھروں کی جامع جانچ کے 3 مراحل مکمل ہونے کے بعد جمعہ کی شام 6 بجے تک کسی شخص کے لاپتہ ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔
زلزلے کے مرکز کے قریب واقع شدید متاثرہ علاقوں میں شامل مارو ٹاؤن شپ کے ایک گاؤں میں شِنہوا کے نامہ نگاروں نے دیکھا کہ متعدد مکانات مکمل طور پر منہدم ہو چکے تھے جبکہ دیگر کی دیواروں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ گاؤں کے نیچے ایک کھلے اور محفوظ مقام پر ہنگامی خیموں کی قطاریں نصب کی گئی تھیں۔
وزارت ہنگامی انتظامات نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے پہلے مختص کئے گئے 5 ہزار امدادی سامان کے علاوہ مزید 5 ہزار اشیاء بھی فراہم کی گئی ہیں جن میں خیمے، گرم کوٹ اور تہہ ہونے والے بستر شامل ہیں۔
وزارت نے دیگر امدادی اداروں اور کمپنیوں کے ساتھ روابط کے ذریعے مزید 43 ہزار امدادی اشیاء بھی فوری طور پر متاثرہ علاقے میں پہنچائی ہیں۔ ان میں موبائل بیت الخلا، ہیٹنگ کے چولہے، خوراک اور ایندھن شامل ہیں تاکہ متاثرہ افراد کی مناسب آبادکاری یقینی بنائی جا سکے۔


