بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے چین کے جنوب مغربی شی زانگ خودمختار علاقے کی ایک کاؤنٹی میں 7 شدت کے زلزلے کے بعد لاپتہ افراد کی تلاش اور بچاؤ کے لئے بھرپور کوششیں کرنے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شی جن پھنگ نے زور دیا کہ جانی نقصان کو کم سے کم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔
زلزلہ جمعرات کی رات 10 بج کر 33 منٹ پر شی زانگ کے شہر ناگ چھو کی باچھین کاؤنٹی میں آیا۔ مقامی حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 76 زخمی ہو گئے ہیں۔
شی نے نشاندہی کی کہ متاثرہ علاقہ زیادہ بلندی پر واقع ہے اور وہاں درجہ حرارت بھی کم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ زلزلے کے بعد آنے والے جھٹکوں اور موسمی حالات پر قریبی نظر رکھی جائے تاکہ ثانوی آفات سے بچا جا سکے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ متاثرہ رہائشیوں کے لئے مناسب رہائش کا انتظام کیا جائے، تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی جلد از جلد مرمت کی جائے اور لوگوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے بھی آفات کی روک تھام اور ان سے نمٹنے کے لئے موثر اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔


