کوئٹہ (لارڈ میڈیا): بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو نے تصدیق کی ہے کہ صوبائی وزیر کھیل مینا مجید کے بھائی اورنگزیب مجید کو ضلع کیچ سے مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اورنگزیب مجید کے اغوا کی اطلاعات ملی ہیں، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق اورنگزیب مجید کو ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں بلوچ آباد سے اغوا کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نامعلوم مسلح افراد انہیں اسلحے کے زور پر اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق اغوا میں ملوث افراد کی شناخت اور واقعے کے ممکنہ محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔ واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی فوری طور پر دستیاب نہیں تھی۔
اسی پریس کانفرنس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات نے بتایا کہ صوبے بھر میں دہشت گردی کے خلاف مختلف نوعیت کی 60 ہزار سے زائد کارروائیاں کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے انسداد دہشت گردی کے اقدامات کے لیے 14 ارب روپے خرچ کیے ہیں اور 18 نئے قوانین کی منظوری دی گئی ہے۔
حمزہ شفقات کے مطابق صوبے کی بڑی شاہراہوں پر سیکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے کام جاری ہے۔ حکومت کا ہدف ہے کہ آئندہ تین سے چار ماہ میں کوئٹہ کراچی اور کوئٹہ تفتان شاہراہوں کو محفوظ بنایا جائے۔ اورنگزیب مجید کے اغوا کے حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔


