پشاور (لارڈ میڈیا): خیبرپختونخوا محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے امتحانی مراکز کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ سکواڈز تشکیل دے دیے ہیں۔ ان سکواڈز کا مقصد امتحانات کی مؤثر نگرانی اور بے ضابطگیوں کی روک تھام ہے۔
محکمہ تعلیم کے ہدایات کے مطابق، مانیٹرنگ سکواڈز امتحانی پرچوں کے آغاز سے قبل اچانک دورے کریں گے اور اختتام تک مراکز میں موجود رہیں گے۔ ان سکواڈز کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کریں اور اصلاحی اقدامات تجویز کریں۔
تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس فراہم کی جائیں گی تاکہ امتحانی عمل کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ سکواڈز صرف امتحانی عمل کی نگرانی تک محدود رہیں گے اور کسی دوسری سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے۔
غیر جانبداری کے لیے، سکواڈ کا کوئی رکن ایسے مرکز کا دورہ نہیں کرے گا جہاں اس کا کوئی رشتہ دار امتحان دے رہا ہو۔ خواتین کے مراکز میں مرد افسران کے دورے پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد امتحانی عمل کی مؤثر نگرانی، بے ضابطگیوں کی نشاندہی اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔


